اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول کے آئی ایم ایف پر بیان حیرت انگیز ہیں۔ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان نے آئی ایم ایف سے 13.79 ارب ڈالر لئے ان میں سے پیپلز پارٹی نے 47 فیصد اور نون لیگ نے 35 فیصد قرضے اٹھائے۔ باقی تمام حکومتوں نے مل کر 18 فیصد قرضہ لیا۔ میرا مشورہ ہے کہ بات کرنے سے پہلے اپنے ریکارڈ دیکھ لیا کریں تا کہ شرمندگی سے بچ سکیں۔ چوہدری فواد نے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ میڈیا کے نئے قانون سے صرف فائدہ میڈیا ورکرز کو ہے جو تنخواہیں نہ ملنے پر اپنے اداروں کے خلاف عدالت سے رجوع کر سکیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 45 سال سے کم عمر وکلاء کو 10 لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ بار ایسوسی ایشن کا اہم قانونی معاملات پر قائدانہ کردار ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اسلام آباد کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب بار کونسل، راولپنڈی بار اور ملتان بار نے اپنے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وکلاء کے مسائل کے حل کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔ وکلاء کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وکلاء چیمبرز کی تعمیر کے لئے سی ڈی اے کو ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چوہدری فواد نے کہا ہے کہ کس نشریاتی ادارے نے کیا پروگرام نشر کرنا ہے اور اس کی ٹیم کیا ہوگی، یہ فیصلہ ادارے خود کرتے ہیں، ہمارا اداروں کے اندرونی فیصلوں سے کوئی تعلق نہیں۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تمام ادارے آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت اپنی پالیسی بنانے کے خود ذمہ دار ہیں۔