کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بار پھر دہشت گردی کی لعنت سے بطور قوم نبرد آزما ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیر پا امن و استحکام دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے۔ عالمی برادری کے بامعنی تعاون اور سنجیدہ عزم سے پیچیدہ چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔ کرونا وبا سمیت ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور کوشش کرے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میجر جنرل عامر احسن نواز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں افسروں اور فیکلٹی ارکان سے خطاب کیا۔آرمی چیف نے سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب میں پیشہ ورانہ امور، داخلی و خارجہ سکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ آرمی چیف نے علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا۔ جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے دہشت گردی کی لعنت سے بطور قوم نبرد آزما ہونے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کا دار و مدار دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے۔ عالمی برادری کے بامعنی تعاون اور سنجیدہ عزم سے پیچیدہ چیلنجز اور مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وباء سے نمٹنے کیلئے پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ کوشاں ہے اور ہم پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر کوشش کریں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ جامع ومربوط قومی کوششوں سے پاکستان میں ترقی و استحکام ممکن ہوگا۔