کراچی سے چلنے والی بعض ٹرینوں کی بوگیوں کی حالت ابتر

کراچی(وقائع نگار)کراچی سے پشاوربراستہ لاہور، روالپنڈی چلنے والی پاکستان ریلوے کی اہم ترین ایکسپریس ٹرین خیبرمیل کی اپرکلاس بوگیوں کی حالت ابترہوگئی ہے،گذشتہ روزکراچی سے روانہ ہونے والی ون اپ خیبرمیل ایکسپریس کی برنس کلاس بوگی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آنے کے باوجود ریلوے حکام اپنی روش سے بازنہیں آئے ہیں اورخیبرمیل ایکسپریس کی اپرکلاس کے علاوہ اکنامی کلاس میں پرانی بوگیاں لگا کرمسافروں کی جان خطرے میں ڈالی جارہی ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ خیبرمیل کے ریک کیلئے کئی ماہ سے مختلف ٹرینوں کی پرانی بوگیاں مرمت رینویشن کرائے بغیر استعمال کی گئی ہیں اور خیبرمیل کے ریک میں پرانی بوگیوں کی مرمت کرانا بھی ریلوے نے گوارا نہیں کیا ہے۔ہفتہ 29 مئی کوکراچی سے روانہ ہونے والی ون اپ خیبرمیل ایکسپریس کی برنس کلاس بوگی میں آتشزدگی پرمسافروں نے شدید احتجاج کیا،مسافروں کا کہنا تھا کہ ایک طرف خیبرمیل کے ریک کی مرمت کیلئے ریلوے نے ایک ماہ قبل 61 فیصد اخراجات کا دعوی کیا ہے جبکہ طویل ترین سفرکرنے والی اہم ترین ایکسپریس ٹرین خیبرمیل کا اپ اینڈ ڈوان کا ریک انتہائی خراب حالت میں ہے ، بزنس کلاس بوگیوں میں اے سی کولنگ کی شکایت کے علاوہ مسافروں کی جانب سے گندگی اورسیٹوں کے پرانے کورپرجمے میل ، فرش پرجمی مٹی،ٹوٹے ہوئے دروازوں،ناقص وائرنگ،اپرکلاس بوگیوں میں لٹکتی تاروں دیگرخامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اکنامی کلاس میں بجلی پانی کی فراہمی سے مسافرپریشان ہیں لیکن ریلوے حکام مسافروں کی بات سننے کے لیے تیارنہیں ہیں اورمسافروں کوخاموش کرانے کے لیے ریلوے حکام دھمکیوں پراترآتے ہیں یا ریلوے پولیس کولاکرخاموشی سے سفرکرنے کی دھمکی دی جاتی ہے بصورت دیگرکسی بھی ریلوے اسٹیشن پراتارنے اورگرفتاری کی دھمکی دے کرخاموش کرادیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن