گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی انحطاط کے باعث  پیدا  عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے انقلابی اقدامات 

Jun 01, 2021

کراچی  (وقائع نگار)پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اس کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں ہوتا ہے اس کے باوجود وزیراعظم عمران کی حکومت نے گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی انحطاط کے باعث پیدا ہونے والے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے بڑے اور انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ ملک میں ماحول کو صاف ستھرا و سر سبز بنانے اور قدرتی ماحول کے تحفظ و بحالی کے لئے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام، پروٹیکٹڈ ایریاز پراجیکٹ، کلین گرین پاکستان انڈیکس اور چمپیئنز پروگرام، گرین اکنامک سٹیمولس (سبز روزگار)، آلودگی کا سبب بننے والے پولی تھین بیگز پر پابندی، اینٹوں کے روایتی بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے، نیشنل ایڈاپٹیشن پلان کی تشکیل، ایکو سسٹم کی بحالی، ریچارج پاکستان اور الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے جیسے منصوبے اور پالیسی اقدامات شامل ہیں۔ قدرتی ماحول کے تحفظ اور بحالی کی کوششوں اور ان کی کامیابیوں کے حوالے سے پاکستان کے قائدانہ کردار کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔ اس پس منظر کے ساتھ پاکستان کو اس سال عالمی یوم ماحولیات 2021 کے میزبان کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

مزیدخبریں