کراچی (سٹی نیوز) ہولی ٹرینٹی چرچ صدر کراچی میں کراچی ڈائسیس کے ارکان کا ایک اجلاس پادری سرور ایرک کی سربراہی میں گزشتہ روز 30مئی 2021ء کو منعقد ہوا۔ جس میں ووین بلدیو، پرویز نور، رمیض شاکر، ذیشان اعجاز ودیگر معززین نے شرکت کی اور بشپ کراچی کے ہونے والے الیکشن میں سندھ حکومت کے کچھ ذمہ داران کے خصوصاً ایڈوکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین کے ذریعے الیکشن پر اثر انداز ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پادری سرور ایرک نے کہا کہ ہم کافی عرصہ سے حکومت سندھ سے گزارش کررہے ہیں کہ کراچی بشپ کے الیکشن صاف ، شفاف اور انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق ہونے چاہیں۔ جہاں آزادانہ طور پر ہماری مسیحی کمیونٹی بشپ کراچی کو منتخب کرسکے۔ مگر کچھ حکومتی ذمہ داران اور لینڈ مافیاء کے لوگ چاہتے ہیں کہ وہ اپنی مرضی کا بشپ مسلط کرکے چرچ کی ملکیت اربوں روپوں کی زمینوں سے چرچ اور مسیحی کمیونٹی کو محروم کرسکیں ۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مسیحی کمیونٹی پاکستان کی محب وطن کمیونٹی ہے اور اہم اپنے جائز حقوق کے تمام قانونی چارہ جوئی اور پر امن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے ہم ایک بار پھر حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایڈوکیٹ جنرل سلمان طالب الدین کے خلاف سخت ایکشن لے کر مسیحی کمیونٹی میں پھیلی بے چینی کو دور کرے۔ شرکائے اجلاس میں شدید تشویش کا اظہار کیا کہ کراچی ڈائسیس میں چرچ کمیٹیوں کے انتخابات میں بھی دھاندلی کی جارہی ہے اور اس امر میں چرچ آف پاکستان کی انتظامیہ کو فوری نوٹس لینے اور چرچ کمیٹیوں کے انتخابات کو شفاف اور آئین کے مطابق انعقاد کرنے کا مطالبہ کیا۔