اسلام آباد(وقائع نگار) انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے قرار دیا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ،پنجاب اور سندھ میں پانی کی کمی 18 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد رہ گئی ہے، ارسا نے پنجاب اور سندھ کے لیئے پانی کا شئیر بڑھا دیا ہے۔ ارسا نے پانی کی صورت حال کا جائزہ لیا ۔
حکام نے بتایا کہ دریاؤں میں پانی کی آمد 229100 کیوسک سے بڑھ کر 252600 کیوسک ہو گئی ہے، دریاؤں میں پانی کی آمد میں 23500 کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 90000ہزار کیوسک سے بڑھا کر ایک لاکھ کیوسک کر دیا گیا ۔
چشمہ بیراج سے پانی کا اخراج ایک لاکھ کیوسک سے بڑھا کر ایک لاکھ دس ہزار کیوسک کر دیا گیا ۔پانی کی کمی صوبہ سندھ اور پنجاب کے لئے صرف 13 فی صد رہ گئی جو گزشتہ روز 18فی صد تھی ۔پنجاب کا حصہ ایک لاکھ ایک ہزار کیوسک سے بڑھا کر ایک لاکھ سات ہزار کیوسک کر دیا گیا ،اس طرح پنجاب کو 5000ہزار کیوسک اضافی پانی مہیا کیا گیا ۔ سندھ کا حصہ ایک لاکھ نو ہزار کیوسک سے بڑھا کر ایک لاکھ پندرہ ہزار کیوسک کر دیا گیا اس طرح سندھ کو بھی 6000 ہزار کیوسک اضافی پانی مہیا کیا گیا ۔پانی کی صورت حال اور بالائی علاقوں کے درجہ حرارت کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے ارسا اتھارٹی نے محکمہ موسمیات کے دفتر میں بریفنگ لی۔ بریفنگ ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات نے دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 7 سے 10 دنوں تک بالا ئی علاقوں کا درجہ حرارت مستحکم رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے کچھ دنوں تک پانی کے بہاؤ میں اضافہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دریاؤں میں پانی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، پنجاب اور سندھ میں پانی کی کمی 18 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد رہ گئی ہے : انڈس ریور سسٹم اتھارٹی
Jun 01, 2021 | 18:33