حمزہ کے حلف کیخلاف اپیلیں‘ صدر‘ گورنر کا مؤقف سننا چاہتے ہیں: ہائیکورٹ 

Jun 01, 2022


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پر سماعت آج بدھ  تک ملتوی کر دی۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران  الیکشن ہو گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے یہ نہیں کہا کہ اطلاق ماضی سے نہیں ہو گا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد منحرف ارکان کا ووٹ کائونٹ نہیں ہوگا، سوال اٹھایا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے ہوگا یا مستقبل سے، عدالتیں قانون کی تشریح کرتی ہیں، عدالت نے 63 اے کی تشریح کی۔ علاوہ ازیں جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ  نے  حمزہ شہباز کے حلف کیخلاف دائر انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت آج بدھ تک ملتوی کردی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے ایک اپیل میں گورنر کو فریق نہیں بنایا؟۔ وکیل درخواست گزار نے کہا جی میں نے دو اپیلوں میں گورنر کو فریق بنایا ہے، اگر کوئی نئی درخواست کے ذریعے فریق بنائے تو بنا سکتا ہے، چونکہ سارے معاملات صدر اور گورنر کے اردگرد گھومتے ہیں، آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت صدر اور گورنر کو فریق نہیں بنایا جاسکتا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے گورنر کو فریق بنایا ہے تو اب اس سے وضاحت طلب کی جاسکتی ہے۔ گورنر اور صدر اپنے سیکرٹری کے ذریعے جواب دیں گے، آپ اپنی اپیلوں میں ترمیم کرکے آئیں ہم ان کا موقف سننا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں