اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی رپورٹ شائع کر د ی جس میں سابقہ فاٹا کی 6 نشستیں کم کر دی گئیں جبکہ قومی اسمبلی کے کل حلقوں کی تعداد 272 سے کم کرکے 266 کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیوں پر متعلقہ حلقے کا ووٹر 30 جون تک اعتراض دائر کر سکتا ہے۔ کمیشن یکم جولائی سے 30 جولائی تک اعتراضات پر فیصلے کرے گا۔ اعتراضات میمورنڈم کی صورت میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کے نام جمع کروانے ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اعتراضات اور نقشہ جات کی آٹھ نقول الیکشن کمیشن میں جمع کروانی ہوں گی۔ بذریعہ کوریئر، ڈاک یا فیکس اعتراضات قابل قبول نہیں ہوں گے۔ اعتراضات میمورنڈم کی صورت میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام جمع کروانے ہوں گے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا ہے کہ بلوچستان کے34 میں سے 32 اضلاع میں آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدار، پر امن، شفاف اور کامیاب بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بلوچستان کے عوام امن پسند اور جمہوریت پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تقریبا 9 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی کاوشوں اور محنت سے ممکن ہوا ہے۔ الیکشن کمشن کے اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ملک میں جاری انتخابی فہرستوں کی نظرثانی اور ابتدائی انتخابی فہرستوں کی ڈسپلے سنٹرز پر اشاعت سے متعلق بریفنگ دی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ملک میں جاری انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور ابتدائی انتخابی فہرستوں کی ڈسپلے سنٹرز پر اشاعت سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنر وں کو حکم دیا کہ عوام الناس کو انتخابی فہرستوں کی ڈسپلے کے دوران تما م اہل ووٹروں کے اندارج، درستگی اور اگرکوئی ووٹر اپنا ووٹ اپنے شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق تبدیل کروانا چاہتا ہے تو انہیں ہر ممکن سہولت مہیا کی جائے۔ اور انہیں ضروری طریقہ کار سے بھی آگاہی فراہم کی جائے۔ الیکشن کمیشن کو صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر بھی بریف کیا گیا۔ ابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائڈ www.ecp.gov.pk پر بھی موجود ہے حلقہ بندیوں کی اشاعت 30دن (یکم جون سے 30جون2022) تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو خط لکھ کر عوامی اور سیاسی اجتماعات میں جانوروں کو نہ لانے کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عوامی اور سیاسی اجتماعات میں شیر، گدھا اور دیگر جانور نہ لائیں۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جلسے اور ریلیوں میں جانوروں سے متعلق فیصلے پر عمل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے ریٹرننگ افسران کو بھی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمشن