سپارکو روڈ پرفیکٹری  میں ایکسیویٹرز کی مدد سے کھدائی  کے دوران تین مختلف عمروں کے افراد کی دو کھوپڑیاں اور ہڈیاں برآمد 


کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے موچکو تھانے کی حدود میں فیکٹری کے شیڈ کی تعمیر کے لیے کھدائی کے دوران 3 افراد کی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کیماڑی فدا حسین جعفری کے مطابق موچھکو تھانے کی حدود میں سپارکو روڈ پر اے اینڈ ایس کمبل فیکٹری کی انتظامیہ شیڈ ڈالنے کے لیے ایکسیویٹرز کی مدد سے کھدائی کر رہی تھی کہ اس دوران تین مختلف عمروں کے افراد کی دو کھوپڑیاں اور ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں۔ فدا حسین جعفری کے مطابق اطلاع ملتے ہی موچھکو پولیس موقع پر پہنچی اور انسانی باقیات کو قبضے میں لے لیا۔ ایس ایس پی کے مطابق ہڈیاں 6 سے 7 سال پرانی معلوم ہوتی ہیں جن سے مرنے والوں کی عمروں کا تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے مگر ان کی وجہ موت اندازوں سے معلوم کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بظاہر ہڈیاں ایک بچے اور دو بڑوں کی معلوم ہوتی ہیں جن کی جنس کے بارے میں بھی فوری طور پر معلومات نہیں۔ فدا حسین جعفری کے مطابق تمام ہڈیوں کو پولیس نے یکجا کر لیا ہے۔ جن کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ جس سے تینوں لاشوں کی جنس، عمر اور وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا۔موچھکو تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر چوہدری شاہد کے مطابق جس مقام سے یہ انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں اس سے تھوڑے فاصلے پر قبرستان بھی موجود ہے۔ یہ بھی اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر کسی دور میں اس مقام پر قبرستان ہو اور وہ قبریں سڑک یا تعمیرات کی بھرائی میں غائب کردی گئی ہوں۔پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن