کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ریڈ لائن بس سروس کا ٹریک بنانے کے لیے ہزاروں درختوں کی کٹائی کے معاملے میں چیف سیکریٹری سندھ اوردیگرکو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں ریڈ لائن بس سروس کا ٹریک بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر ہزاروں درختوں کی کٹائی کے معاملے میں درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت نے چیف سیکریٹری، سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کونوٹس جاری کرتے ڈائریکٹر جنگلات، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ، ڈی سی ملیر، کورنگی سے جواب طلب کرلیا۔عدالت نے ایڈمنسٹریٹرکراچی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، سی ای او ملیر کنٹونمنٹ بورڈ، سی ای او کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کو بھی نوٹس جاری کردیئے۔شاہ نواز، محسن عباسی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ درختوں کی کٹائی فوری روکی جائے۔جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے کہا کہ فی الحال حکم امتناعی جاری نہیں کریں گے۔ ریڈ لائن بھی تو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بن رہی ہے۔وکلا نے درخواست میں کہا کہ ریڈ لائن کی تعمیرات کے دوران 30ہزار سے زائد درخت کاٹے جا رہے ہیں۔ اب تک دو ہزاردرخت کاٹ دیئے گئے ہیں۔ حکم امتناعی جاری کیا جائے۔درخواست میں مزیدکہا گیا کہ کراچی میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اگر مزید درخت کاٹے گئے تو ماحول خطرناک ہو جائے گا۔