25مئی کو قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے حمزہ 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر کی فضا کو ہرصورت برقرار رکھا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے۔ کسی گروہ یا جتھے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ 25 مئی کو قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا۔ پنجاب پولیس نے 25 مئی کو جانفشانی اور جذبے سے امن عامہ کی فضا قائم رکھنے کے لئے اقدامات کئے اور قانون کے نفاذ کے لئے پیشہ ورانہ انداز میں فرائض ادا کئے۔ امن عامہ قائم رکھنے کے لئے پنجاب پولیس کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھائیں گے۔ حمزہ شہباز کو چونیاں ریپ کیس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چونیاں کیس کو جلد منطقی انجام پر پہنچایا جائے۔ حمزہ شہباز کو لاہور سے تاوان کے لیے اغوا ہونے والے بچے کی بحفاظت بازیابی کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ حمزہ شہباز نے صوبائی انتظامیہ کو صوبہ بھر میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے فوری سدباب کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کاشتکار کو کنٹرول نرخ پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائے۔ وزیراعلی حمزہ شہباز نے پنجاب میں تھیلسیمیا سے بچاؤ کے لیے قانون سازی کو عملی شکل دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تھیلسمیا سے بچاؤ کے لیے قانون سازی وقت کا تقاضا ہے۔ پنجاب حکومت اس ضمن میں تیزی سے اقدامات کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے تھیلیسیمیا سے بچاؤ کے پروگرام کا دائرہ بڑھانے کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ میں ہجوم کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور افسوسناک واقعہ کی جامع انکوائری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ کوئی مہذب معاشرہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیتا۔ نوجوان کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ظلم کیا ہے وہ قرار واقعی سزا کے حق دار ہیں۔ اس واقعہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں اور مقتول کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ چولستان میں گھروں کے قریب پانی کی فراہمی کیلئے سولر واٹر پلانٹ کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ سولر واٹر پلانٹ لگانے کیلئے تمام امور کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ چولستان میں پانی کا مسئلہ مستقبل بنیادوں پر فوری حل کرنا چاہتے ہیں۔ میں جلد دوبارہ بہاولپور کا دورہ کروں گا۔ حمزہ شہباز کی زیر صدارت دورہ بہاولپور کا فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...