لاہور (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی بحالی کے اثرات ملکی کرنسی پر پڑنے لگے، امریکی ڈالر مزید سستا ہو گیا۔ جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 60 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈالر کی قیمت 199 روپے 6 پیسے سے کم ہو کر 198 روپے 46 پیسے ہو گئی ہے۔ ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی برقرار رہا۔ انٹر بینک تبادلہ مارکیٹ میں دو روز میں ڈالر کا بھاؤ ایک روپیہ 29 پیسے کم ہوا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر کا بھاؤ ایک روپیہ 10 پیسے کم ہوکر 198 روپے 30 پیسے ہے۔ دو روز میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 70 پیسے سستا ہوا ہے۔ جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بنک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد 38 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 43078.14 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.09 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 12 کروڑ 24 لاکھ 72 ہزار 161 شیئرز کا لین دین ہوا۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 800 روپے کم ہوئی ہے اور فی تولہ قیمت ایک لاکھ 37 ہزار 300 روپے ہے۔ 10 گرام سونے کی قدر 685 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 17 ہزار 713 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قدر 6 ڈالرز کم ہوکر 1849 روپے فی اونس ہے۔
ڈالر/ سونا
ڈالر
اوپن مارکیٹ: ڈالر 1.10 روپے‘ سونا 800 روپے تولہ سستا‘ سٹاک مارکیٹ میں تیزی
Jun 01, 2022