گوجرانوالہ‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + نیوز رپورٹر) تھانہ اروپ کے علاقہ میں شہریوں نے اپنی ہی عدالت لگا لی‘ مبینہ موٹر سائیکل چور کو تشدد کر کے مار ڈالا۔ پولیس اسے زخمی حالت میں ہسپتال لیجانے کی بجائے تھانہ لے گئی، زخمی شخص تھانہ میں بے ہوش ہو گیا۔ ہسپتال لیجانے پر ڈاکٹرز نے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ غفلت پر اے ایس آئی اور تین اہلکاروں جبکہ14 افراد پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ اروپ کے علاقہ میں عوام کے مبینہ چور پر تشدد کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی، جس میں علاقہ کے لوگوں کو محمد اشرف نامی شخص پر تشدد کرتے واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ اروپ پولیس نے موقع پر پہنچ کر اشرف کو چھڑوایا، زخمی شخص وہاں تڑپتا رہا‘ بے ہوش ہونے پر اسے ہسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ جبکہ غفلت پر اے ایس آئی وحید اللہ اور تین اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو گیا ہے۔ مقدمہ میں چار نامزد اور دیگر ملزموں کو حراست میں لے کر تھانہ منتقل کر دیا گیا۔ ان میں وقاص، مختار، اسد، عقیل و دیگر شامل ہیں جبکہ انسپکٹر گوہر عباس بھٹی کی مدعیت میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں اے ایس آئی وحید اللہ، کانسٹیبل محمد انور اور عمر حیات شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب رائو سردار نے کہا شہریوں کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گوجرانوالہ میں ہجوم کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور افسوسناک واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کوئی مہذب معاشرہ قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیتا۔ نوجوان کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ مقتول کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سی پی او گوجرانوالہ کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے واقعہ کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں نے اشرف نامی شخص کو موٹر سائیکل چور سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ پولیس نے واقعہ میں ملوث تین نامزد ملزموں سمیت 14 کو حراست میں لے لیا ہے۔ لاپرواہی برتنے پر اے ایس آئی وحید اﷲ سمیت تین ملازمین کو معطل کر کے انکے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تشدد/ نوجوان قتل
گوجرانوالہ پولیس کی غفلت شہریوں نے مبینہ موٹر سائیکل چور کو تشدد کرکے مارڈالا
Jun 01, 2022