لاہور(نیوز رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ٹکٹ ہولڈر پی پی 152حاجی ارشاد ڈوگر اور میاں محمد زاہد نے این اے 126میں چوہدری زاہد وڑائچ کی رہائشگاہ گلشن راوی میں رابطہ مہم، تنظیم سازی اور حقیقی آزادی مارچ کے دوسرے راؤنڈ کی تیاریوں کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم و جبر سے آزادی کی تحریکوں کونہیں دبایا جاسکتا۔ پاکستان تحریک انصاف تو حقیقی آزادی کی تحریک چلا رہی ہے۔ عمران خان کو دیوار سے لگانے کیلئے ا ن پر اور دیگر اعلیٰ قیادت پر جھوٹے مقدمات درج کروائے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز کے ذریعے سے پرامن مظاہرین پر بد ترین تشدد کیا گیا۔امپورٹڈ حکومت سن لے عمران خان کو جتنا دباؤ اتنا ہی ابھر کا سامنے آئے گا۔مہنگائی مارچ کرنے والے اب خود مہنگائی کا طوفان لے آئے ہیں۔غریب عوام پر پٹرول بم گرانے کے بعد بجلی مہنگی کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں مافیا نے ہر چیز کے دام اپنی مرضی کے مطابق بڑھا دیئے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔کرپٹ افراد کو بچانے کیلئے نیب کے قوانین میں ترمیم کر دی گئی ہے۔اوورسیز پاکستانی جو پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کو ووٹ کے حق سے محروم کر دیا گیا۔ الیکشن میں دھاندلی ختم کرنے کیلئے جس ووٹنگ مشین کو پی ٹی آئی کی حکومت نے متعارف کروایا تھا۔اس کو بھی ختم کردیا ہے۔یہ سب زیادہ سے زیادہ لوٹ مار،کرپشن،جرائم اور مافیا کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے قوانین بنائے گئے ہیں۔