لاہور (خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خواب دیکھنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے ۔ اسرائیل ایک ناجائز یہودی ریاست ہے ، جس کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نقطہ ہے۔ جس کو بانی پاکستان محمد علی جناح نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے خود مرتب کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مکمل طور پر امریکہ کی حمایت حاصل ہے اور وہ امریکہ کے ساتھ مل کر عرب ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کرکے اپنے اصل دشمن پاکستان کو تنہا کرنا چاہتا ہے اور بد قسمتی سے پاکستان اندر موجود چند مٹھی بھر عناصر ان کی مدد کررہے ہیں۔ فلسطین کے حوالے سے حکومت پاکستان کو اپنی پالیسی کی وضاحت کرنی ہوگی۔ محض سرکاری ٹی وی کے اینکر کو بر طرف کرناکافی نہیں۔
قوم کے سامنے لایا جائے کہ اس دورے کا اصل مقصد کیا تھا اور وزارت خارجہ نے حقائق قوم سے کیوں چھپائے؟۔ اسرائیل کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔
اور اس مقصد کیلئے او آئی سی کو حقیقی معنوںمیں فعال اور موثر بنانا ہوگا۔