ملتان(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر)سی پی او خرم شہزاد حیدر نے کہا ہے کہ ملتا ن میں ہونے والی پاک ویسٹ انڈیز سیریزمیں فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائیگا ،اسٹیڈیم اور ٹیموں کی گزرگاہوں کے قریب ایک سو کے لگ بھگ ہیوی جنریٹر لگائے جائینگے تاکہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ان علاقوں میں کوئی پریشانی نا ہوسکے جبکہ دیگر اضلاع سے 3500 کے قریب نفری منگوا کر سیکورٹی ٹیموں اور سٹیڈیم اور روٹس پر تعینات کی جائے گی ۔وہ گزشتہ روز ملتان پریس کلب کے دورہ کے موقع پر پروگرام " رابطہ" میں بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملتان پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے کہا کہ پریس اور پولیس کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ خرم شہزاد حیدر کی ملتان میں تعیناتی کے دوران پولیس نے کافی ٹارگیٹ اچیوو کیے ہیں تقریب میں سردار ظفر اللہ، ناصر محمود شیخ، اعظم جہانگیر، اقبال شیخ، محمود احمد و دیگر صحافی بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر آفس میں پولیس اور انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ سٹیڈیم،روٹس،پارکنگ اور ہوٹلز پر بھرپور سکریننگ کا لائحہ عمل بھی تیار کرلیا گیا ہے۔طویل عرصے بعد شہر اولیاء کے باسیوں کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔طاہر وٹو نے کہا کہ کھلاڑیوں اور غیر ملکی مہمانوں کا بھرپور استقبال کرینگے تاکہ پوری دنیا میں ملتان کا نام روشن ہوسکے۔طاہر وٹو نے بتایا کہ 5 جون سے 12 جون ضلع کی سکیورٹی ریڈ الرٹ رہے گی۔
پاک ویسٹ انڈیز سیریزمیں فول پروف سکیورٹی یقینی بنائینگے : سی پی او ملتان
Jun 01, 2022