سرینگر‘ پلوامہ (آئی این پی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران منگل کو ضلع پلوامہ میں 2 اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا‘حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنانے کے بعد سے بھارتی فوج کی غیر قانونی کارروائیوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 13 ہوگئی‘پونچھ کے علاقے سوجیان میں دھماکے کے دوران بھارتی فوجی زخمی ہو گیا۔ جبکہ ضلع کولگام میں ایک خاتون ٹیچر کو اسکول میں گولی مارکر قتل کردیاگیاہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کے علاقے گوپال پورہ کے ہائی اسکول میں حملہ آوروں نے ایک خاتون ٹیچر پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی ۔ اسے فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہسپتال کولگام منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔دوسری جانب مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے ناقابل تنیخ حق‘ حق خودارادیت کی حمایت کرنے والے تمام کشمیریوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنا شروع کر دیا ہے۔ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کی ضمانت اقوام متحدہ نے اپنی متعلقہ قراردادوں میں فراہم کی ہے۔
بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں کارروائی کے دوران 2 نوجوانوں کو شہید کیا‘یاسین ملک سزا کے بعد 13کشمیری شہید ہو چکے‘ پونچھ میں دھماکے سے قابض فوجی زخمی
Jun 01, 2022