بلال موقع پردم توڑ گیا،ورثاء نے احتجاجاً روڈ بلاک کر دیا، دو ملزمان سے ٹرالر،لاکھوں کاسریابرآمد 

Jun 01, 2022


ملتان،دوکوٹہ، جہانیاں، جلال پور پیروالہ، کوٹ ادو،میاں چنوں ،خانیوال،ماچھیوال،میلسی (جنرل رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ نوائے وقت،خبر نگار ،تحصیل رپورٹر )ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نو جوان جاں بحق، ٹیچر زخمی، ڈیڑھ کروڑ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد ، پانچ ملزمان گرفتار ، وارداتوں میں شہری لٹ گئے، ملتان سے جنرل رپورٹر کے مطابق پولیس تھانہ صدر ملتان نے موٹر سائیکل چوری اور مویشی چوری کی وارداتوں میں مطلوب شہروز گینگ کے سرغنہ سمیت 2 ارکان گرفتار کر لیے۔گرفتار ملزمان میں شہروز اور اللہ دتہ شامل ہیں ملزمان کے قبضہ سے 15 لاکھ روپے سے زائد کا سامان برآمد کیا گیا گرفتار ملزمان پر  تھانہ صدر ملتان میں موٹر سائیکل چوری کے 4اور مویشی چوری کا1 مقدمہ درج ہے۔دوکوٹہ سے نامہ نگار کے مطابق انچارج پٹرولنگ پولیس پوسٹ دوکوٹہ راؤ طارق محمود نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر تھانہ بادامی باغ لاہور کے علاقہ سے 72 لاکھ روپے کا سریا چوری شدہ اور 80  لاکھ روپے کا ٹرالر مجموعی طور پر ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کرکے مرکزی نامزد ملزم سجاد ولد غلام سرور قوم سہو سکنہ چک نمبر 205 ڈبلیو بی دوکوٹہ کو گرفتار کر کے مال مسروقہ سریا ٹرالر ملزم کو مدعی کی موجودگی میں لاہور پولیس کے حوالے کر دیا ۔جلال پورپیروالہ سے نامہ نگار کے مطابق چوک ظاہرپیر پر رات کے وقت 4 مسلح ڈاکو ناکہ لگاکر لوٹ مار کررہے تھے. بلال نامی نوجوان نے مزاحمت کی تو مسلح ڈاکوؤں نے اس پر فائرنگ کردی. فائر لگنے سے بلال جاں بحق ہوگیا۔ مسلح افراد لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ مقتول کے ورثاء اور اہل علاقہ نے چوک فوارہ پر نعش رکھ کر احتجاج کیا اور ٹائر جلاکر روڈ بلاک کردیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ جہانیاں سے نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار کے مطابق جہانیاں کے نواحی موضع زور کوٹ کے رہائشی موٹر سائیکل سوار شہری ملک نواز ڈانگرہ سے نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو 25 ہزار روپے نقدی قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔ دوسرے وقوعہ میں  تیز رفتار کار کی ٹکر سے تین افرادزخمی ہوئے جبکہ ایک کار اور موٹر سائیکل رکشہ کو نقصان پہنچا ،پولیس ذرائع کے مطابق کار سوار ڈاکوڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے۔ پولیس نے گرلز کالج کے قریب سے ڈاکووں کو گرفتار کرلیا۔ ڈاکووں کے درمیان ہونے والے مقابلہ میں شہر میں خوف وہراس پھیل گیا پکڑے جانے والے ڈاکووں سے تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پکڑے گئے ملزمان میں خالد سکنہ لیہ نامی ڈکیت نے لاہور سے کار نمبری7901ایل ای ای دوران ڈکیتی چھین لی ،ساتھی عبدالرشید سکنہ ملتان اور ایک نامعلوم کو ہمراہ لے کر فرار ہو رہا تھا کہ کار مالک نے ٹریکر سسٹم سے معلومات حاصل کرکے جہانیاں پولیس کو اطلاع دے دی۔ کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق گزشتہ شب ٹھیکیدار کے ڈرائیور امان اللہ چھجڑااور فدا حسین اپنے اپنے ٹریکٹرمقامی زمیندار قاری مشتاق کے ڈیرہ پر کھڑے کر کے سوئے ہوئے تھے کہ ایک بجے شب نامعلوم 5مسلح ڈاکو ڈیرہ میں داخل ہو گئے اور دونوں ڈرائیوروں کو رسیوں سے باندھ کر کمرے میں محبوس کر دیا،ڈیرہ پرکھڑاافتخار احمد جروار کا ٹریکٹر روسی بیلارس مالیتی 25 لاکھ لے کر فرار ہو گئے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔میاں چنوں سے خبرنگارکے مطابق نیشنل ہائی وے پرچلتے ہوئے ٹرکوں سے مال لوٹنے والا گینگ متحرک ہو گیا ۔موٹر وے پولیس کی نا اہلی کے باعث گزشتہ دنوں اسی چور گینگ نے چلتے لوڈر ٹرک پر چڑھ کر کپڑے کی تین گانٹھیں جن کی مالیت 9 لاکھ 87 ہزار اور دوسری واردات میں ایک کاٹن جوشاندہ، دو کاٹن منیاری، ایک بورا ہوزری اور ایک پارسل کپڑا جن کی مالیت 3 لاکھ روپے ہے چوری کر کے فرار ہو گئے۔خانیوال سے خبرنگار کے مطابق نواحی گاؤں سلارواھن کے ر ہائشی ایس ایس ٹی ٹیچر محمد امین رات کو گھر واپس آتے ہوئے  تین نامعلوم ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے محمد امین کو گولیاں مار کر زخمی کردیا ۔ریسکیو 1122 نے شدید زخمی سکول ٹیچر کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیر والا شفٹ کردیا ۔ماچھیوال سے نامہ نگارکے مطابق نواحی اڈا پکھی موڑ کے رہائشی حساس ادارے سابق ملازم شوکت علی کا موٹر سائیکل نامعلوم چور چوری کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہ کیا۔ حویلی ہامہ کے رہائشی حیدر علی کا موٹر سائیکل چوری کر کے لے جا رہے تھے کہ تعاقب کر کے ملزم کو بمعہ موٹر سائیکل پکڑ کے پولیس کے حوالے کر دیا ۔میلسی سے تحصیل رپورٹرکے مطابق ڈھوڈہ روڈ پر واقع الفتح پٹرول پمپ پر سر شام موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ ڈاکو آگئے اور آتے ہی منیجر عبدالغفارسے گن پوائنٹ پر 2 لاکھ روپے کی نقدی چھین لی ۔

مزیدخبریں