کراچی (نیوز رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی رکن و ممبرقومی اسمبلی کشورزہرہ نے گزشتہ دنوں بحریہ ٹاؤن کراچی میں نوجوان جزلان فیصل کے قتل پر انکی رہائش گاہ جاکر سوگواران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کشور زہرہ نے جزلان کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم پاکستان کے تمام کارکنان آپکے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ایم کیو ایم پاکستان قاتلوں کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی تک ہر فورم پر آواز اُٹھائے گی۔ کشور زہرا نے کہا کہ چند طالب علم جو کہ وعلم کے حصول کیلئے اکھٹا ہوئے انہیں اس طرح طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کرکے قتل کرنا پرامن شہریوں کو خوفزدہ کرنے کے مترادف ہے، حکمران بتائیں کہ کیسے کم عمر نوجوان کھلے عام اسلحہ لیکر گھومتے ہیں، کیا کراچی کے شہری اپنے بچوں کا گھروں سے باہر نکلنا بند کردیں؟ قاتلوں کی عدم گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ایک طرف پوری قوم جزلان فیصل کیلئے انصاف مانگ رہی ہے دوسری جانب قاتل آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مجرمانہ سردمہری ملک میں رائج طبقاتی خلیج کو دوام بخشتی ہے اور عوام کے خدشات کو یقین میں بدل دیتی ہے۔ کشور زہرہ نے وزیر اعلیٰ سندھ،چیف جسٹس آف سندھ ہائی کورٹ اورآئی جی سندھ سمیت تمام اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مظلوم نوجوان جزلان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتارکر کے تمام ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے اور اس ظلم میں ملوث افراد کے والدین سے بھی سوال کیا جائے کہ کم عمر نوجوانوں کے پاس اسلحہ کیسے پہنچا۔
کشور زہرا
کشورزہرا کی بحریہ ٹاؤن میں قتل ہونے والے نوجوان کے سوگواران سے ملاقات
Jun 01, 2022