لاہور(سپورٹس ڈیسک ) قطر میں رواں سال نومبر میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ مشرق وسطیٰ میں ہونے والا پہلا فٹبال ورلڈ کپ ہے۔ 2002 ء میں کوریا اور جاپان میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے بعد قطر اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والا دوسرا ایشیائی ملک بھی ہے۔ 21 نومبر سے 18 دسمبر 2022 تک قطر میں کھیلا جانے والا یہ ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے مہنگا فیفا ورلڈ کپ ہوگا۔یہ پہلا فیفا ورلڈ کپ ہوگا جو کہ موسمِ سرما میں کھیلا ہوگا، یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ قطر کے انتہائی گرم موسم کو یورپی کھلاڑیوں کیلئے برداشت کرنا مشکل ہوگا۔ اگرچہ یہ ورلڈ کپ موسمِ سرما میں ہونے والا ہے، لیکن قطر کا شمار موسم کے اعتبار سے دنیا کیگرم ممالک میں ہوتا ہے اور اس لیے وہاں دن کے وقت کا درجہ حرارت سردیوں میں بھی اکثر زیادہ ہی ہوتا ہے۔ اس لیے قطر نے ملک میں فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے انفراسٹرکچر پر 200 بلین ڈالر خرچ کیے ہیں اور ہر سٹیڈیم کو ایئر کنڈیشنڈ بنایا ہے۔قطراور فیفا آرگنائزنگ کمیٹی نے معاہدہ کیا ہے جس کے تحت چند سیاحتی علاقوں میں شراب نوشی کی اجازت بھی دی جائیگی۔ اس فٹبال ورلڈ کپ کے میچز قطر کے کل آٹھ سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، جن میں 32 ٹیمیں حصّہ لیں گی۔