کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما لیبر ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید منور رضا نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے سیاست کی نرسریاں اور کونسلرز کا نچلی سطح پر عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں کلیدی کردار ہوتا ہے بلدیاتی اداروں کی مضبوطی میں ہی حقیقی جمہوریت کی فتح ہے مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کرکے قیادت کو سرپرائز دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید منور رضا نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کراچی کے تمام اضلاع میں یونین کونسلز کی ہر نشست پر نظریاتی اور قربانی دینے والے متوالوں کو ٹکٹ دیکر الیکشن لڑے گی انشاء اللہ کراچی کے کم از کم3 اضلاع میں ہمارے چیئرمینز ہونگے بلدیہ عظمیٰ میں میئر کے انتخاب میں ہمارے کونسلرز اہم کردار ادا کرینگے۔ ہمارے تعاون کے بغیرکوئی میئر نہیں بن سکے گا ڈپٹی میئر مسلم لیگ ن کا ہو۔ منور رضا نے کہا کہ ماضی میں بھی ہماری جماعت بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم کے بعد دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی تھی ہمارے کونسلرز نے علاقائی بلدیاتی مسائل کے حل میں بھرپور حصہ لیکر عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ انشاء اللہ آئندہ بھی پہلے سے زیادہ عوامی خدمات کو شعار بناکر اپنا کردار ادا کرینگے۔
کراچی کی ہر یو نین کو نسل سے الیکشن لڑینگے منوررضا
Jun 01, 2022