امور کشمیراور گلگت بلتستان کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جارحیت او ر مظالم کو تمام عالمی فورمز پر بے نقاب کیا جائے گا۔ آج اسلام آبا د میں کشمیر کے مسئلے کے بارے میں ایک آل پارٹیز مشاورتی کانفرنس ''دی وے فارورڈ'' کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی بھارتی تسلط سے آزادی سے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔