کراچی(کامرس رپورٹر)چیئرمین نیشنل بزنس گروپ پاکستان میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ عوام کو فوج سے لڑانے اورپاکستان کو تنہا کرنے کی سازش کرنے والے خود ناکام اور تنہا ہو چکے ہیں جس کا تمام کریڈٹ محب وطن عوام کوجاتا ہے جو اپنی فوج سے والہانہ محبت رکھتے ہیں۔ پاکستانی افواج سے چند غلطیاں ہوئی ہیں مگر انکی قربانیاں لازوال اور شہادتیں تمام چیزوں سے بالاتر ہیں۔ پاکستانی افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، زلزلوں، سیلابوں اور دوسری آفات سے نمٹنے میں جس جواں مردی، پیشہ وارانہ مہارت اور اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ عوام کے دلوں پر نقش ہے اور لوگ چین سے رات کو سوتے ہیں۔ پاکستان چین تعلقات سمندر سے زیادہ گہرے اور ہمالیہ سے زیادہ اونچے ہیں اوربین الاقوامی وعلاقائی معاملات پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے۔ کچھ آقا ئوں کے اشارے پرہمیشہ ایک دوسرے کے کام آنے والے دوست ممالک کے تعلقات میں دراڑیں ڈالنے کی سازش بھی ناکام ہو چکی ہے۔