لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر میں وفاقی بجٹ 2023-24کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اورنائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لاہور چیمبر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ کاروبار دوست ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے وزیرخزانہ کو بجٹ تجاویز بھی پیش کردی ہیں۔ لاہور چیمبر نے زرمبادلہ کے بحران پر قابو پانے کیلئے مقامی کرنسی کی تجارت اور بارٹر ٹریڈ میکانزم جیسے اقدامات کی سفارش کی ہے۔ کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے کیلئے مارک اپ ریٹ کو علاقائی معیشتوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت ری فنانس کی شرح کو کم کرے۔چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کیلئے نرم پالیسیاں متعارف کرائے۔ایمنسٹی سکیم متعارف کرانے سے سے غیراعلانیہ دولت معاشی دھارے میں آئے گی۔