ورلڈ کپ، پاکستان کی شرکت حکومتی اجازت، بھارتی بورڈ کے رویہ سے مشروط

Jun 01, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار)پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل حکام کے درمیان مذاکرات ختم ہو گئے۔لاہور میں موجود آئی سی سی اور پی سی بی حکام کے درمیان فنانشل ماڈل، بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کی شرکت سمیت اہم امورز پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی سی سی کا وفد  ات گئے دبئی روانہ ہوگیا جبکہ مذاکرات کا اعلامیہ آج جاری کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کاموقف ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے آئی سی سی کو بہت زیادہ آمدن ہوتی ہے، اسی تناسب سے بھارت کیساتھ پاکستان کو بھی زیادہ حصہ ملنا چاہیے جبکہ ورلڈکپ کیلئے بھارت روانگی کو ایک بار پھر حکومتی اجازت اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے رویے سے مشروط کیا گیا۔بھارت 2025 میں آِئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آنے کی گارنٹی پر بھی بات ہوئی جبکہ بورڈ حکام نے چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے بھارت جانے کے معاملہ پر پی سی بی اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے اپنی حکومت کی ہدایات پر عمل کریں گے۔آئی سی سی نے پاکستان کی سکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین آئی سی سی گریک بارکلے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کے دورے پر موجود ہیں، انہوں نے پی سی بی حکام کے ہمراہ سیف سٹیز اٹھارہ کا دورہ کیا۔گریگ بارکلے اورچیف ایگزیکٹوجیف ایلرڈائس نے کیمروں سے سرویلنس کا جائزہ لیا۔ایم ڈی محمد کامران خان نے ایشیا کپ کیلئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

مزیدخبریں