اسلام امن کے فروغ کیلئے صبر اور درگزر کا درس دیتا ہے: عارف علوی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر عارف علوی نے باہمی تنازعات اور تصادم کی صورتحال سے بچنے کے لیے معمولی نوعیت کے مقدمات کو جلد نمٹانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خدمت اور گڈ گورننس کے فروغ میں وفاقی اور صوبائی محتسبین کا کلیدی کردار ہے۔ کوئٹہ میں سیمینار سے خطاب میں صدر نے کہا کہ 2017ء میں قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے انہوں نے روایتی عدالتی نظام پر بوجھ کم کرنے کے لیے تنازعات کے متبادل حل سے متعلق ایک بل کی منظوری کے لیے فعال طور پر کام کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے "زوم میٹنگز" جیسے آن لائن سیٹ اپ کا اہتمام کا تجربہ بھی کیا جا چکا ہے تاکہ عام لوگوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ صدر نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ رات وفاقی محتسب کے 10 مقدمات کو نمٹایا اور عام طور پر وہ اپیلوں کے مقدمات کو صرف چند گھنٹوں میں نمٹا دیتے ہیں۔ اسلام معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے لوگوں کو صبر اور درگزر کا درس دیتا ہے۔ کوئی قوم صحیح معنوں میں اسلام کی اقدار اور تعلیمات پر عمل پیرا ہو تو اسے کسی غیر ملکی امداد کی ضرورت نہیں۔

ای پیپر دی نیشن