کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس: بین الاقوامی فرموں سے لین دین کیلئے نئے طریقہ کار کی سفارش

 اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیرصدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کابینہ نے یہ کمیٹی معروف بین الاقوامی قانونی فرموں سے لین دین، مالیاتی اور قانونی مشیروں کی تقرری کے لیے شامل کرنے کے طریقہ کار کی سفارش کرنے کے لیے بنائی تھی۔ اجلاس سرمایہ کاری کے معاہدوں کی شقوں کے لیے حکمت عملی میں غیر ملکی قانونی فرم کو شامل کرنے کے طریقہ کار کی سفارش کرنے کے سلسلہ میں ہوا۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل آفس اور پاکستان پروکیورمنٹ ریگو لیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے )کے حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔ اس معاملے پر غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ نجکاری کے معاملات کے حوالے سے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز، فنانشل ایڈوائزرز اور لیگل ایڈوائزرز کی تقرری کو وفاقی کابینہ کی منظوری کے لیے باقاعدہ شکل دی جائے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نجکاری کمیشن ایک رپورٹ مرتب کرے گا جس میں ٹرانزیکشن ایڈوائزرز، فنانشل ایڈوائزرز کی پری ٹرانزیکشن سروسز کی تقرری سے متعلق تمام پہلوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ تاہم ہنگامی صورتوں میں معاملات کو تیزی سے پورا کرنے کے لیے ایک شق شامل کی جا سکتی ہے۔ اس کے بعد کمیٹی کی طرف سے حتمی رپورٹ منظوری کے لیے کابینہ میں پیش کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن