اسلام آباد (نامہ نگار) پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کو بتایا گیاکہ کامسیٹس یونیورسٹی کے ڈیفالٹر سکالرز سے کروڑوں روپے کی ریکوری تاحال نہ ہو سکی۔ ڈیفالٹر سکالرز سے 18کروڑ روپے میں سے اب تک صرف2کروڑ 10لاکھ روپے کی وصولی ہوئی ہے۔ اجلاس کنوینئر سید حسین طارق کی زیر صدارت ہوا۔ ہائیر ایجوکیشن کمشن سے متعلق سال 2005-06ء سے 2017-18ء تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیاگیا۔ آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ کامسیٹس یونیورسٹی کے 36سکالرز ڈگری پروگرام مکمل کرنے کے بعد واپس نہیں آئے۔ کنوینئر کمیٹی نے استفسار کیاکہ جن سے گارنٹی لیتے ہیں ان سے پیسے ریکور کئے یا پھر کیاایکشن لیا؟ مشاہد حسین سید نے کہاکہ یہ کیسز کورٹ میں کیوں جاتے ہیں؟۔ ایچ ای سی حکام نے کہاکہ کچھ کیسز عدالت میں ہیں، یونیورسٹی حکام نے مزید بتایا کہ 36سکالرز ہیں ، 15کیسز ہمارے حق میں آگئے ہیں۔ پانچ لوگوں سے پوری ریکوری ہوگئی اور ایک سے قسطوں پر ریکوری ہو رہی ہے۔ 11کیسز مختلف عدالتوں میں ہیں، کمیٹی نے ہدایت کی کہ جتنی رقم کی ریکوری ہو چکی ہے اس کی آڈٹ حکام کو تصدیق کرائی جائے۔