اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (اکنا) نے کئی دہائیوں پر محیط اپنی خدمات اور انسانی ہمدردی کے کاموں کے دوران روحانیت، علم کی جستجو اور اعلی اقدار کو برقرار رکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اکنا کے سالانہ کنونشن کے دوران 'اسکالرز اور کمیونٹی لیڈرز لنچ' سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس سال بالٹی مور میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے سالانہ کنونشن میں 25,000 سے زائد افراد نے شرکت کی جس میں 160 اجلاس منعقد کیے گئے جس سے 100 سے زائد مقررین نے خطاب کیا۔ کنونشن میں امریکہ اور دنیا کے مختلف حصوں سے مسلمان امریکیوں نے اپنے خاندانوں کے ساتھ شرکت کی۔ ظہرانے میں پاکستان سے تشریف لانے والے سینیٹر مشتاق احمد اور امریکہ میں ترکی کے سفیر حسن مرت مرکان نے بھی شرکت کی۔