بجٹ میں نوجوانوں کیلئے 100 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے: شزہ فاطمہ

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت اعلی تعلیمی اداروں کے باصلاحیت طالب علموں میں رواں سال میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ اس کے لئے طالب علموں کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کے لئے کاروباری اور زرعی قرضوں کے لئے 100 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے،گزشتہ چند برسوں کے دوران نفرت انگیز سیاست کے نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ، مختلف تعمیری پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، رواں سال انوویشن ایوارڈ کے لئے 3 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، بوٹ کیمپس کے لئے منتخب 500 بچوں میں سے 100 کو نیشنل انوویشن ایوارڈ دیں گے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آغاز 13مارچ 2013 ء میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کیا تھا۔ ملک کی 70 فیصد آبادی30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، لہذا اس طرف خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ شہبازشریف کی موجودہ حکومت میں اس پروگرام میں بہتری لائی گئی ہے۔ لیپ ٹاپ کا نوجوانوں کے لئے تعلیم اور ذریعہ معاش کے حصول میں اہم کردار ہے۔ کرونا کے دوران نوجوانوں نے لیپ ٹاپ کے ذریعے روزگار اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ آئندہ مالی سال کے دوران لیپ ٹاپ سکیم کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن