اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی نے رویت ہلال بل 2022ء منظور کرلیا۔ ایم کیو ایم نے وزیر بجلی خرم دستگیر کے خلاف ایوان سے ٹوکن واک آؤٹ کیا۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں فوڈ ان سکیورٹی کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔ فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی رپورٹ نے سنسنی خیز رپورٹ جاری کی جس سے اتفاق نہیں کرتا۔ ایوان میں تھر پارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہونے والے ہندوئوں کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اجلاس 9جون بروز جمعہ شام 4بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ ایم کیو ایم کے رکن صلاح الدین حیدرآباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور وزیر بجلی کی شکایت کی اور تقریر کے اختتام پر وزیر بجلی خرم دستگیر کے خلاف علامتی واک آؤٹ کیا۔ صلاح الدین نے کہاکہ حیدر آباد میں طوفان سے بجلی کا نظام بند ہوگیا، حیدر آباد میں پچاس سالہ پرانا بجلی نظام کے باعث بجلی بند ہے، بارہ سے دس گھنٹے تک بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، لوڈشیڈنگ کے باعث ہم پھر بھی عوام کا سامنا کررہے ہیں۔ وزیر توانائی عوام اور اتحادیوں سے زیادتی کررہے ہیں۔ لوڈشیڈنگ عروج کو پہنچ گئی ہے ،ہم عوام کا غصہ بھگت رہے ہیں ۔ بعد ازاں حکومتی اتحادی ایم کیو ایم کے بعد پی پی پی بھی حیدرآباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف برس پڑی۔ پیپلز پارٹی کی رکن شگفتہ جمانی نے کہاکہ ایم کیو ایم رکن نے کہا کہ حیدرآباد میں بارہ بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے یہ تو اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے سمیت کسی پی پی پی رکن کو بھی حیدرآباد میں حیسکو کو گاڑیوں کی تقسیم میں نہیں بلایا گیا، جب پوچھا گیا تو وزیرمملکت شہادت اعوان نے بتایاکہ جی ٹین میں بازار کا اعلان کیا گیا تاہم پلاننگ کا فقدان ہے، سی ڈی اے شعبہ پلاننگ سے مشاورت تک نہیں کی گئی، ان حالات کی وجہ سے بازار شروع نہ ہوسکا، کسی اور جگہ بازار شروع کیا جائے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بے لگام اضافہ کا معاملہ، توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرنے والے ارکان ایوان سے غیر حاضر رہے، توجہ دلاؤ نوٹس ڈاکٹر نفیسہ شاہ، جویریہ ظفر آہیر اور محسن داوڑ کی طرف سے پیش کیا جانا تھا۔