لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سندس فاو¿نڈیشن کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ماو¿ں بہنوں والے ہیں، برے سلوک کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ پورے پنجاب میں پی ٹی آئی کی صرف 11 خواتین جیل میں ہیں۔ ہر گرفتاری کے بعد کم از کم چار دفعہ کاو¿نٹر چیک کیا جاتا ہے۔ ملزم اور قیدی سے کیا سلوک کرنا ہے، پولیس اور جیل کا اپنا نظام موجود ہے۔ قیدیوں پر تشدد کے جھوٹے الزام پر آئی جی تفصیلی بریفنگ دے چکے ہیں۔25 ہلاکتوں کا الزام حقائق کے منافی ہے، یہ کیسے ہو سکتا ہے لوگ مر جائیں اور پتہ نہ چلے۔ 25 ہلاک شدگان کے نام دے دیں، تحقیقات کرائیں گے۔ جے آئی ٹی اگر زمان پارک جائے گی تو ملزم کے گھر جا کر تفتیش کرنے کی روایت بن جائے گی۔ جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہونے پر کیا ہوگا، یہ قانون بتائے گا۔ پنجاب بھر میں ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کا تاثر درست نہیں۔ سپلائی چین میں رکاوٹ آ سکتی ہے، جائزہ لے رہے ہیں۔ ہیلتھ سیکٹر میں بہتری کیلئے مسلسل میٹنگ ہو رہی ہیں، تبدیلی ضرور لائیں گے۔ 4 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری کا رسمی آغاز کیا۔ محسن نقوی نے لیڈن ولنگڈن ہسپتال کے بیسمنٹ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال کی بیسمنٹ میں مدتوں سے کھڑا پانی نکالنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی کے حکم پر واسا کی ایمرجنسی ٹیم لیڈی ولنگڈن ہسپتال پہنچ گئی۔ محسن نقوی نے ہسپتال کی تاریخی عمارت کی بطور ہیرٹیج بحالی کا حکم دیا۔ ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 300 تک بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔ محسن نقوی نے پیتھالوجسٹ، ریڈیالوجسٹ اور انستھیزیالوجسٹ کی خالی آسامیاں پر کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ محسن نقوی لیڈی ولنگڈن ہسپتال سے بغیر شیڈول پنجاب ڈینٹل ہسپتال پہنچ گئے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زیر تعمیر پروآرتھوڈوٹکس ڈیپارٹمنٹ، آپریٹو روم اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب ڈینٹل ہسپتال کی عمارت کو اصل صورت میں بحال کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وارڈز میں موجود پرانے اور فرسودہ طبی آلات کو دیکھ کر تاسف کا اظہارکیا۔ محسن نقوی پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے زیر تکمیل پراجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ پہنچ گئے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو آمد پر پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے 3شفٹوں میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول شادمان کا دورہ کیا۔ محسن نقوی اور بلال افضل نے اپنی مادر علمی میں اپنے اساتذہ سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے سکول کے مختلف سیکشن کا وزٹ کیا اور بچوں سے تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں پوچھا۔ نگران وزیراعلیٰ نے بچوں سے مختلف سوال کیے، محسن نقوی بچوں کے برجستہ جواب سن کر مسکرا دیئے اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے سکول میں اپنے دور طالب علمی کی یادیں تازہ کیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکیہ کے قونصل جنرل امیر اوزبے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترکیہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے ترکیہ کے انتخابات میں رجب طیب اردگان اور ان کی جماعت کی کامیابی پر ترکیہ کے قونصل جنرل کو مبارکباد دی۔ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورکا دورہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شاہدرہ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی جلد ازجلدتکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔