اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر پیٹرک نکولس یارڈلے مونراڈ سینڈرز نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ جی ایچ کیو پہنچنے پر برطانوی آرمی کے سربراہ نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کے امور اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششوں کا اعتراف کیا۔ اس سے قبل یو کے آرمی کے سربراہ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔