کابل (نیٹ نیوز) قطری وزیراعظم کی افغانستان میں طالبان کے سربراہ سے ملاقات ہوئی۔ عالمی برادری کے ساتھ تناﺅ میں کمی لانے سے متعلق بات چیت کی گئی۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 12 مئی کو افغانستان کے شہر قندھار میں قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی اور افغان طالبان کے سربراہ بیت اللہ اخونزادہ کے درمیان خفیہ ملاقات ہوئی۔ عرب میڈیا کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع نے بتایا کہ شیخ محمد کی جانب سے اخونزادہ سے خواتین کی تعلیم اور نوکریوں پر پابندی ہٹانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو دونوں رہنماﺅں کی ملاقات اور تمام معاملات پر ہونے والی بات چیت کے بارے میں بتایا گیا جبکہ مستقبل میں افغان طالبان کے ساتھ ہونے والے ڈائیلاگ سے بھی آگاہی دی گئی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے نچلی سطح پر بات چیت کے ذریعے افغانستان میں دنیا میں اپنی نوعیت کی واحد پابندیاں ختم کروانے اور انسانی حقوق کے بحالی اور افغان طالبان کے علاوہ دیگر گروہوںکو حکومت میں شامل کرنے جیسے اقدامات کی حمایت کی گئی ہے۔
ملاقات
افغانستان میں قطری وزیراعظم‘ طالبان سربراہ ملاقات‘ خواتین کی تعلیم‘ نوکریوں پر پابندی ہٹانے پر گفتگو
Jun 01, 2023