قانون کے مطابق کسی سے زیادتی ہوگی نہ ہی کوئی رعایت ملے گی:عامر میر

Jun 01, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں 9 مئی کی تخریب کاری میں ملوث 300 خواتین میں سے گرفتار ہونے والی خواتین کی کل تعداد 46 تھی جن میں سے اب تک 29 ضمانت پر رہا ہو چکی ہیں جبکہ 17 خواتین شناخت پریڈ کیلئے جیل میں ہیں۔ عامر میر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قانون کے مطابق ان خواتین کی شناخت پریڈ ہونے سے پہلے رشتہ داروں سے ملاقات ممکن نہیں۔ تمام گرفتار ملزمان کیلئے پاکستانی قوانین کا اطلاق ایک جیسا ہے۔ قانون کے مطابق نہ تو کسی سے زیادتی ہوگی اور نہ ہی کسی کو کوئی رعایت ملے گی۔ 
عامر میر نے کہا کہ گرفتار ملزمان کی شناختی پریڈ کا طریقہ کار بھی قانون میں دیا گیا ہے۔ جس کے مطابق ملزم کو شناخت سے پہلے گواہ یا کسی اور کو دیکھنے کی اجازت نہیں ہوتی اورشناخت سے پہلے ملزم کی کسی بھی شخص سے ملاقات بھی نہیں کروائی جاتی۔ چہرے کو چھپانے جیسے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں ناکامی پراسیکیوشن کی ناکامی کا باعث بن سکتی ہے۔ ایک نام نہاد سیاسی جماعت پوائنٹ سکورنگ کیلئے خواتین کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے۔

مزیدخبریں