لاہور ( نیوزرپورٹر )سابقہ مشیر وزیر اعلی پنجاب و سینئر رہنماءمسلم لیگ ن خواجہ احمد حسان نے پنجاب یونیورسٹی کے ادارہ کلیم علوم زرعیہ کے زیر اہتمام ایک روزہ جاب فیئر میں شرکت کی۔ تقریب کا افتتاح خواجہ احمد حسان، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود ،ڈین فکیلٹی آف ایگری کلچر سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر ، احمد منیب مہتا پرنسپل ہیلے کالج ، محمد ارسلان عباس ، ڈاکٹر بلال چٹھہ و دیگر کی جانب سے ربن کاٹ کر کیا گیا۔ خواجہ احمد حسان نے کہا پاکستان زراعت پر مبنی ملک ہے یہ ملک کیلئے سونے کی کان ہے۔سوشل میڈیا کی وجہ سے فاصلے تو دور ہو گئے ہیں مگر احساسات ختم ہو کر رہ گئے ہیں۔ انٹرپرنیورشپ روشنی کی ایک ایسی کرن ہے جو ہمیں اندھیروں سے نکالتی ہی اور لوگوں کو خود مختار بناتی ہے اور اس کی بنیاد ریسرچ اور ڈیولپمنٹ ہے ۔وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا جب سے انسان دنیا میں آیا ہے واسطہ نباتات اور زراعت سے ہے۔ یہ بہت بڑی بات ہے کہ ہماری بیٹیاں گھروں سے نکل کر زراعت کے شعبہ میں آرہی ہیں۔ ہم اپنے بچوں کی تعلیم پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔ آخر میں خواجہ احمد حسان نے طلبہ کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔
سوشل میڈیا سے فاصلے دور ، مگر احساسات ختم ہو کر رہ گئے:خواجہ احمد حسان
Jun 01, 2023