لاہور (نامہ نگار) سبزہ زار کے علاقے میں پراپرٹی کے تنازعہ پر موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 2افراد کو قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔ حافظ اسد اشرف اپنے دوست طیب کے ساتھ گلی میں کھڑا تھا کہ ملزم فہد عرف فادی اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ دو موٹرسائیکلوں پر وہاں آیا اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر حافظ اسد اور طیب شدید زخمی ہوگئے جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے اور دونوں دوستوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا۔ اسداشرف کے بھائی ندیم کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ نامزد ملزم فہد سمیت 4افراد کیخلاف درج کرلیا گیا ہے۔