لاہور ( خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر رفح میں اسرائیلی بمباری کے خلاف اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد ہوا۔ مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مسلمان ممالک اور خصوصی طور پر پاکستان کے حکمرانوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ خاموشی توڑیں اور اہل غزہ کی مدد کے لیے عملی اقدامات کریں۔ جماعت اسلامی کے پرچم اور اہل فلسطین کے حق میں بینر اور کتبے اٹھائے مظاہرین نے فسلطینی مسلمانوں کی حمیت اور جذبہ ایمانی کو سلام پیش کیا اور صہیونی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔ لاہور میں منصورہ کے سامنے ملتان روڈ پر مظاہرہ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے خطاب کیا۔ منڈی بہاؤالدین میں لیاقت بلوچ، مردان میں نائب امیر ڈاکٹر عطاء الرحمن نے احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کی۔ نائب امیر میاں محمد اسلم نے اسلام آباد میں مظاہرہ کی قیادت کی۔ امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے پیچھے عالمی دہشت گرد امریکہ ہے۔ اسرائیل کو ہر قسم کا اسلحہ اور سپورٹ امریکہ دے رہا ہے۔ امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، نائب امیر لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، سیکرٹری لاہور خالد احمد بٹ، امیر غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مختلف نجی سکولز میں بھی فلسطین کے حق میں پروگرامز ہوئے۔ کراچی میں تین سو مقامات پر اور اسلام آباد میں 92مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ گوجرانوالہ، ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ، ٹوبہ، سرگودھا، حافظ آباد ، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کی۔ قائم مقام ضلعی امیر ڈاکٹر احسان اللہ عثمانی، حافظ حمید الدین اعوان، بلال قدرت بٹ، فرقان عزیز بٹ، انیق حسن رندھاوا، محمد یوسف بٹ، حاجی فیض الحق قریشی، خرم سلیم کھوکھر، ضلعی نائب امیر سید علی رضا حسنی، ضلعی صدر یوتھ حافظ نعیم فہیم، امیر زون ڈاکٹر محمد شریف گجر اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
جماعت اسلامی کا اسرائیلی مظالم کیخلاف ملک گیر احتجاج، مظاہرے، ریلیاں نکالی گئیں
Jun 01, 2024