ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار: قصور‘ مزاحمت پر ٹریکٹر کا ڈرائیور مار ڈالا 

لاہور (نامہ نگار) ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فونز، موٹر سائیکلیں،گاڑیاں ودیگرسامان لوٹ لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے جوہر ٹاؤن میں صدام کے گھر میں اہلخانہ کو یرغمال بناکر ساڑھے5 لاکھ روپے‘ زیورات، موبائل فون ودیگر سامان، گرین ٹاؤن میں محمود اور اسکی فیملی سے3 لاکھ روپے‘ زیورات اور موبائل فون لوٹ لیا۔ گلشن اقبال میں تنویر کے اہلخانہ کو گھر کی دہلیز پر بزور اسلحہ یرغمال بنا کر موبائل فون لوٹ لیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔ اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔ ڈاکوؤں نے غازی آباد میں عمر سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، نشترکالونی میں احد سے 72ہزار روپے، گلشن اقبال میں منصور سے گن پوائنٹ پر 52 ہزار روپے اور موبائل فون، راوی روڈ میں رضوان سے 8ہزار روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں منیر سے8ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔ چوروں نے جوہر ٹاؤن، گلبرگ اور ساندہ سے 3کاریں جبکہ مانگا منڈی، شفیق آباد، اسلام پورہ، شادباغ، باغبانپورہ، مناواں، ستوکتلہ، گلشن اقبال اور راوی روڈ سے 9 موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔ علاوہ ازیں قصور بائی پاس کے قریب عبدالرحمن قصور سے اینٹیں لوڈ کرکے لاہور کے جا رہا تھا کہ قصور بائی پاس کے قریب علاقہ تھانہ صدر ڈاکوؤں نے لوٹنے کے دوران مزاحمت پر سیدھے فائر مار دیئے جس کے نتیجہ میں عبدالرحمان جاں بحق جبکہ ہیلپر شدید زخمی ہوگیا۔

ای پیپر دی نیشن