مارگلہ پہاڑیوں پر لگی آگ شدت پکڑ گئی، 3 مشتبہ افراد گرفتار  

Jun 01, 2024

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد میں کلینجر گاؤں کے نزدیک مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ بے قابو ہوگئی۔ پہاڑوں پر چلنے والی تیز ہوا سے آگ نے مارگلہ ہلز کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ سی ڈی اے کی فائر بریگیڈ گاڑیاں آتشزدگی کے مقام پر روانہ کردی گئیں جبکہ سی ڈی اے کے ڈیڑھ سو سے زائد اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔  آگ بجھانے کیلئے پاک بحریہ کے فائر فائٹرز، 4 فائر ٹینڈرز اور 2 واٹر بازرز مصروف عمل ہیں۔ وائلڈ لائف حکام نے 3 مشتبہ افراد کو پولیس کے حوالے  کردیا۔ ترجمان نے بتایا کہ مشتبہ افراد وائلڈ لائف حکام کو دیکھ کر بھاگ گئے تھے تاہم تلاشی کے  دوران مشتبہ افراد  سے  کچھ برآمد نہیں ہوا۔ کوآرڈینیٹر موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے بتایا کہ مارگلہ ہلز کے 2مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے، ایئر فورس کا دوسرا ہیلی کاپٹر بھی متاثرہ جگہ کیلئے  روانہ کردیا گیا اور نیوی کی ٹیم بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔ رومینہ خورشیدعالم کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے، ایئرفورس اور نیوی کے بیحد  مشکور ہیں اور وزارت موسمیاتی تبدیلی تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی ڈی جی انوائرنمنٹ عرفان نیازی کا کہنا ہے کہ آگ سے مارگلہ کا جنگل محفوظ ہے۔

مزیدخبریں