اسلام آباد+لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو 28 جون کو عدالت طلب کرلیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے تھانہ رمنا میں دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی۔ شبلی فراز، واثق قیوم، علی نواز اعوان نے عدالت پیش ہو کر حاضری لگائی۔ عدالت نے غیرحاضر ہونے پر مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب، حسان نیازی و دیگر کارکنان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے حکمنامے میں لکھا کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں موجود ہیں، آئندہ سماعت پر عدالت پیش کیا جائے۔ جج طاہر عباس سِپرا نے بانی پی ٹی آئی کا عدالت پیشی کے لیے روبکار بھی جاری کردیا اور سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف تھانہ رمنا میں درج دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے 2 مقدمات میں ملزمان کی حاضری مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ ابھی کیس اس سٹیج پر نہیں آیا کہ ملزموں کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے۔لاہور سے خبرنگار کے مطابق انسداد دہشت گردی لاہور نے 9 مئی جلائو گھیرائو مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔