پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سوشل سکیورٹی فنڈ سے صوبہ کی چار ہزار مستحق بچیوں کی اجتماعی شادی کرانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس کے لیے فی بچی 2 لاکھ روپے گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سوشل سکیورٹی فنڈز استعمال سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں فنڈ کے بہتر اور معنی خیز استعمال کے لیے نیا ماڈل وضع کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ مستحقین اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ علی امین نے مستحق بچیوں کی اجتماعی شادی کے لیے تمام اضلاع سے ڈیٹا جمع کرنے اور ہر ضلع کو آبادی کے تناسب سے کوٹہ فراہم کرنے کی ہدایت کی جس کے لیے ویلیج کونسلوں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فنڈز تقسیم کے عمل میں کوئی سیاسی سفارش اور ذاتی پسند و ناپسند نہیں چلے گی اور کسی قسم کی کرپشن، دھوکا دہی کی صورت میں متعلقہ حکام جواب دہ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ضرورت مند خصوصی افراد کو معیاری الیکٹرک وہیل چیئرز فراہم کرنے اور زکوٰۃ کمیٹیوں کے ہر فورم پر کم از کم تین خواتین کی نمائندگی یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ زکوۃ کمیٹیوں کی مدت تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں مخیر افراد کے کنٹری بیوشن فنڈکے قیام کی تجویز سے بھی اتفاق کیا گیا۔