لاہور (نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل امجد مجید اولکھ نے آج نیب لاہور میں ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ہائوسنگ سیکٹر سے متعلقہ کم و بیش 400متاثرین نے شرکت کی۔ ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے کھلی کچہری میں دادرسی کیلئے آنے والے تمام متاثرین کو ازخود سنا اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب لیفٹینٹ جنرل (ر) نذیر احمد کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں ماہانہ کھلی کچہری منعقد کی گئی۔ کھلی کچہری میں مختلف ہائوسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین نے اپنے نقصانات کے ازالہ کیلئے بھرپور شرکت کی۔ متاثرین میں خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی، پاک عرب ہائوسنگ سوسائٹی، پروفیشنل کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی، الفلاح کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی، پرائم زون، نیو لاہور سٹی، الرحمٰن گارڈن فیز۔4، La Villa De Paris، ٹویوٹا موٹرز گوجرانوالہ، گریٹر لاہور کووآپریٹو سوسائٹی، ایئرپورٹ ایونیو ہائوسنگ سوسائٹی سیالکوٹ، کیو لنکس پراپرٹیز اور گورنمنٹ کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے شرکت کی۔ اس موقع پرخیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین کو آگاہ کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ چیئرمین نیب کی واضع ہدایات ہیں کہ نیب کی پہلی ترجیع متاثرین کو بکنگ کے مطابق ان کے پلاٹ و فلیٹ دلوانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے اربوں روپے دائو پر لگے ہیں، ضرورت پڑنے پر نیب اپنی نگرانی میں ایل ڈی اے سے مذکورہ سوسائٹی ڈویلپ کروائے گا۔ علاوہ ازیں عوام کی آگاہی کیلئے نیب کم و بیش 20 مرتبہ مختلف اخبارات میں مذکورہ سوسائٹی کے حوالہ سے اشتہارات بھی جاری کر چکا ہے۔
ڈی جی نیب لاہور کا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
Jun 01, 2024