کویت کی جانب سے بھاشا ڈیم کیلئے 25 ملین ڈالر کے معاہدے پر اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے کویت کی جانب سے 25 ملین ڈالر کے معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ جبکہ کویت کی جانب سے کچھی کینال منصوبے کے لئے مالی معاونت کی فراہمی پر غور کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا تین روزہ اجلاس جمعہ کوکویت میں اختتام پذیر ہوا۔ فریقین نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان اور کویت کے وزیر تجارت و صنعت عمر سعود العمر نے کی۔ فریقین نے معیشت اور تجارت کے وسیع تر شعبوں میں د وطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے سے اتفاق کیا۔ پاکستانی وفد میں وزارت اقتصادی امور ، وزارت خارجہ، وزارت تجارت، وزارت اوور سیز پاکستانیز، سرمایہ کاری بورڈ، پٹرولیم ڈویژن ، ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور کویت کے حکام سے ساتھ مفید بات چیت کی۔ کویت کے انڈر سیکرٹری تجارت و صنعت ضیاد عبداللہ النجیم نے پاکستانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے حوالے سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے پاک کویت مشترکہ وزارتی کمیشن کے پانچویں سیشن کے انعقاد پر مسرت کا اظہارکیا۔ انہوں نے پاکستان اور کویت کے درمیان ویزا کے عمل کو مرکزی دھارے میں لانے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعلقات اور رابطوں کے فروغ پر زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن