واشنگٹن(نوائے وقت رپورٹ) امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ انسداد دہشت گردی معاملات پر پاکستانی رہنمائوں سے باقاعدہ رابطے یں ہیں۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی معاملات پر پاکستانی رہنمائوں سے باقاعدہ رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی پر پاکستان کے ساتھ دو طرفہ مشاورت جاری ہے، ہم علاقائی امور پر پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔ سکھ رہنما پر حملے کی سازش کے حوالے سے سوال پر امریکی ترجمان نے کہا کہ سکھ رہنما پر حملے کی سازش میں ملوث بھارتی شہری کی امریکہ منتقلی پر محکمہ انصاف بات کر سکتا ہے۔ یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں امریکہ نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ سکیورٹی مفادات ہیں۔ ترجمان ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے امور پر پاکستان کے ساتھ ہماری شراکت داری ہے اور اس شراکت داری میں انسداد دہشتگردی کی صلاحیت کی مالی اعانت شامل ہیں۔ انسانی حقوق کے تحفظ کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں اور ایسے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں جس سے قانون کی حکمرانی کو فروغ ملے۔
انسداد دہشتگردی معاملات پر پاکستانی رہنماؤں سے باقاعدہ رابطے میں ہیں: امریکہ
Jun 01, 2024