اسلام آباد‘ پشاور (خبر نگار خصوصی+ بیورو رپورٹ) صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں دہشت گردوں کا سرغنہ اپنے ساتھی سمیت مارا گیا، 2 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 30 اور 31 مئی کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتا لگایا جہاں فائرنگ کے تبادلہ کے دوران دہشت گردوں کا سرغنہ ایاز عرف محمد اور دہشت گرد احمدی عرف کوچی مارا گیا جبکہ دو دیگر دہشت گرد زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
پشاور: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، 2 زخمی
Jun 01, 2024