اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔ پٹرول کی قیمت میں 4.74 پیسے اورہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.86 روپے لٹر کی کمی کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رحجان ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے رحجان کے پیش نظر اوگرا نے صارفین کیلئے قیمتوں کے تعین پر کام کیا اور اس کی روشنی میں پٹرول کی نئی قیمت 268.36 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 270.22 روپے فی لٹر ہوگئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 87 پیسے لٹر کی کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت 171.61 روپے لٹر مقرر کی گئی ہے۔ جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں تین روپے 88 پیسے لٹر کی کمی کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 157.29 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں (اوگرا) نے جون کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید کمی کردی۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں 3 روپے 86 پیسے کلو کمی کی گئی جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 45 روپے 62 پیسے کمی ہوگئی۔ اوگرا نے مئی میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 2,326.51 روپے کی تھی جو یکم جون سے 45 روپے 62 روپے کمی کے بعد 2,280.89 روپے پر دستیاب ہوگا۔
اسلام آباد (اے پی پی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4.74 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3.86 روپے کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قبل ازیں جاری بیان میں پٹرول کی قیمت میں 15.4 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.9 روپے کمی کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کئے گئے جن میں پچھلے ماہ کی قیمتوں میں کمی بتائی گئی۔
ایل پی جی کی قیمت بھی کم، پٹرول 4.74، ڈیزل 386، مٹی کا تیل 1.87 روپے لٹر سستا
Jun 01, 2024