جی بی سی کے تجارتی وفد کی سری لنکا کے وزیرخارجہ سے ملاقات 

Jun 01, 2024

گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے تجارتی وفد نے کولمبو میں سری لنکا کے وزیرِ خارجہ علی صابری سے وزارتِ امورِ خارجہ میں ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ تجارتی روابط کو بڑھانے اور باہمی تجارت کو فروغ  دینے پر بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران علی صابری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو اپنا برادر ملک سمجھتے ہیں اور مشترکہ کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے جی،بی،سی کے تجارتی وفد کا سری لنکا میں خیر مقدم کرتے ہیں۔پاکستان ہمارے دل کے بہت قریب ہے کیوں کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں سری لنکا کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی معیشت بڑی تیزی سے پروان چڑھ رہی ہے اور صنعت و سیاحت کے شعبے بھی دن بدن فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کولمبو میں نیا پورٹ سٹی بنا رہے ہیں جہاں بیرونی سرمایہ کارکثیر تعداد میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اس پورٹ سٹی میں ہم آپ کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ اس موقع پرچیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام لون نے سری لنکا کے وزیرِ خارجہ علی صابری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں تجارتی وفد کے آنے کا مقصد سری لنکا کے کاروباری مراکز کا جائزہ لینا تھا تاکہ یہاں میسر کاروباری اور تجارتی مواقعوں کو جانچا جا سکے۔

مزیدخبریں