راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ملک کے معروف ماہر امراض اطفال اور مقامی کالج میں سربراہ شعبہ امراض اطفال پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر چوہدری کی گمشدگی کے خلاف ڈاکٹرز اور طبی عملے نے ریلوے جنرل ہسپتال میں ریلی نکالی اور احتجاج کیا۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر ڈاکٹر محمد طاہر کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا گیا گیا۔ ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد طاہر کو 29 مئی کی سہ پہر راولپنڈی میں واقع ان کے کلینک سے کچھ نامعلوم افراد اپنے ہمراہ لے گئے اور ابھی تک ان کے بارے میں کوئی معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اس واقعہ سے ڈاکٹرز کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ڈاکٹرز اور طبی کارکنان شدید بے چینی کا شکار ہیں۔دریں اثنا پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن(پیما)، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن اور دیگر طبی تنظیموں نے بھی پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر کی گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلی حکام سے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد طاہر چوہدری کی گمشدگی کیخلاف ریلوے جنرل ہسپتال میں احتجاجی ریلی
Jun 01, 2024