ہلالِ احمر کی تمام برانچوں کا استحکام اولین ترجیح ہے، سردار شاہد لغاری

Jun 01, 2024

اسلام آباد( نامہ نگار )ہلالِ احمر پاکستان کی تمام برانچیں نیشنل ہیڈکوارٹرز کی دست و بازوہیں۔ مضبوط اور فعال برانچ ہلالِ احمر پاکستان کیلئے اہمیت کی حامل ہے۔ ہم نے برانچوں کے استحکام کیلئے اپنے دروازے کھول رکھے ہیں۔ عملہ کی استعداد ِکار بڑھانے سے لے کر پروگراموں کو وسعت دینے تک ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ ہلالِ احمر پاکستان خدمت ِ انسانیت کیلئے کمربستہ ہے اور قدرتی آفات وسانحات میں بروقت ریسپانس ہلالِ احمر کا طرہ امتیاز ہے۔ہلالِ احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز نے 2022 کے بدترین سیلاب میں بھی بلوچستان برانچ کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار چیئرمین ہلالِ احمر سردار شاہد احمد لغاری نے ملاقات کیلئے آئے بلوچستان برانچ کے نو تعینات چیئرمین عبدالولی خان غبیزئی سے دورانِ گفتگو کیا۔ سردارشاہد احمد لغاری نے عبدالولی خان غبیزئی کی تعیناتی کو ہلالِ احمر کیلئے نیک شگون قرار دیتے ہوئے اِس امر کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے آفت زدہ لوگوں کی بہتر سے بہتر خدمت میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے۔ نیشنل ہیڈ کوارٹرزآپ کی پشت پر ہے، تمام ترتکنیکی مدد بہم پہنچائی جائے گی۔ عبدالولی خان غبیزئی نے کہا کہ سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں ہلالِ احمر پاکستان نے نئے سنگ ِ میل عبور کیے ہیں۔ انسانیت کو دوام بخشنے کیلئے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ گوادر کے متاثرین سیلاب کیلئے نقد مالی مدد کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان کو وژرنری قیادت کی بدولت عالمی سطح پر پذیرائی ملنا ہم سب کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نیشنل ہیڈکوارٹرز کو برانچ کی امید وں کا مرکز قرار دیا۔ ملاقات کے اختتام پر نو تعینات عبدالولی خان غبیزئی کو سوئنیر بھی پیش کیا گیا۔

مزیدخبریں